اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں قائم سب تحصیل کمپلیکس بدترین بدانتظامی، ٹوٹ پھوٹ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کا شکار ہو چکا ہے۔ خستہ حال عمارت میں ریونیو، لینڈ ریکارڈ، محکمہ تعلیم اور یونین کونسل کے دفاتر قائم ہیں، جہاں نہ واٹر سپلائی فعال ہے، نہ سیوریج سسٹم مؤثر، اور نہ ہی چار دیواری موجود ہے۔ قریبی مکینوں نے دفاتر کے عقب میں جانور باندھ رکھے ہیں جبکہ دفتری عملہ اور سائلین پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سب تحصیل کمپلیکس کی عمارت عرصہ دراز سے شکستہ حالت میں ہے۔ ریونیو آفس کی چھتیں بوسیدہ ہو چکی ہیں اور یونین کونسل کا دفتر بھی اسی خطرناک عمارت میں موجود ہے۔ لینڈ ریکارڈ آفس کے لیے رہائشی کمروں کو ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ اردگرد خود رو گھاس اور گندگی کے ڈھیر تعفن پھیلا رہے ہیں۔ نائب تحصیل دار کے رہائشی کوارٹر بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ واٹر سپلائی کی ٹینکی ناکارہ ہو چکی ہے اور پائپ لائنیں زنگ آلود ہیں، جب کہ ڈسپوزل یونٹ کی خرابی کے باعث سیوریج کا نظام تباہ ہو چکا ہے۔

چار دیواری کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ عقبی سمت میں مکینوں نے دیواریں توڑ کر راستے بنا لیے ہیں اور دفاتر کے عقب میں مویشی باندھ رکھے ہیں۔ صفائی نہ ہونے کے سبب گھاس پھونس اگ چکی ہے اور گندگی کا راج ہے۔ دو رویہ سڑک کی تعمیر کے بعد سب تحصیل کمپلیکس کی سطح پانچ فٹ نیچے چلی گئی ہے جس کی وجہ سے بارش کے بعد تمام پانی کمپلیکس میں جمع ہو جاتا ہے، اور یہ علاقہ تالاب کا منظر پیش کرتا ہے، جس سے دفاتر میں آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں محمد ریاض، تصور حسین، ملک محمد اسلم، محمد یونس، عبدالجبار، نصیر احمد، عبدالمجید، امتیاز احمد اور مظہر علی سمیت دیگر نے کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے سب تحصیل کمپلیکس کی بحالی، صفائی، چار دیواری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔

Shares: