تنگوانی،باغی ٹی وی( نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی پولیس تھانے کے قریب واقع صرافہ بازار میں نامعلوم چوروں کے گروہ نے چھ دکانوں کے تالے توڑ کر زیورات اور پندرہ لاکھ روپے سے زائد کی نقد رقم چوری کر لی۔ چوری کی واردات برکت بنگوار، علی حسن دایو، اعظم مغل، فیصل اور منیر مگسی سمیت صرافہ مارکیٹ کے چھ تاجروں کی دکانوں پر ہوئی۔
چوری کی واردات کے بعد، صرافہ ایسوسی ایشن نے پولیس کے خلاف احتجاجاً ہڑتال کی اور شٹر بند کر کے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ چوری کی ہوئی چیزیں جلد واپس کی جائیں اور ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پولیس کی غفلت اور سستی کے خلاف تاجروں نے اپنے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔