شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی) ٹراما سنٹر عوام الناس کو دکھ دینے لگا
ہسپتال ایک ایسی جگہ ہے جہاں تکلیف کے مارے دکھی مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے تاکہ انہیں سکھ کا سانس نصیب ہو لیکن ٹراما سنٹر شیخوپورہ میں اس وقت صورتحال اذیت ناک ہو گئی جب پیٹرن انچیف ٹیکس بار شیخوپورہ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ محمد عارف ملہی آج صبح طبیعت ناساز ہونے کے سبب چیک اپ کی خاطر ٹراما سنٹر گئے جہاں موجود سٹاف نے ان سے بد تمیزی کی
تفصیل کے مطابق ایڈووکیٹ عارف ملہی طبیعت خرابی کے سبب ٹراما سنٹر چیک اپ کے لیے گئے تو موقع پر موجود سٹاف نرس نے کہا کہ ہمارے پاس تھرما میٹر نہیں ہے محکمہ کو اس بارے اطلاع دے رکھی ہے جس پر ایڈووکیٹ عارف ملہی کے بیٹے حماد عارف ملہی نے کہا کہ سسٹر ہسپتال کو تھرما میٹر فراہم کرنا ہماری ذمہ داری تو نہیں
جس پر سٹاف نرس نے جواب دیا کہ ہم نے بھی عدم دستیابی کی رپورٹ دے رکھی ہے آپ صبر رکھیں کیونکہ تھرما میٹر نے اڑ کر تو نہیں پہنچنا
اس پر مریض کے لواحقین سٹاف نرس کی شکایت لے کر ڈاکٹر ارسلان کے پاس پہنچے اور صورتحال سے آگاہ کیا
جس پر مذکورہ ڈاکٹر نے نہ صرف لواحقین کی طرف فراہم کردہ میڈیکل سلپ کو زمین پر دے مارا بلکہ طنزیہ لہجہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں معمولی بخار کے مریضوں کا چیک اپ نہیں کرتے اس حوالے سے وکلاء برادری کی طرف سے سخت احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر ارسلان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے اور انہیں ملازمت سے معطل کیا جائے تاکہ آئندہ کسی بھی مریض یا اس کے لواحقین سے ایسی بد تمیزی پر مشتمل رویہ روا نہ رکھا جائے
سارا واقعہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اظہر امین کے علم میں لانے کے باوجود تاحال اس سلسلے میں کچھ بھی پیشرفت نہیں ہو سکی
مریض کے لواحقین اور وکلاء برادری نے ضلعی انتظامیہ سے اس سلسلے میں جلد اور سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے

نامکمل سہولیات کا حامل ٹراما سنٹر مریضوں کو دکھ دینے لگا
Shares: