پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹس کے اجرا کا نظام تبدیل کیا جا رہا ہے، اب گاڑی کا نمبر پلیٹ براہ راست مالک کے نام پر جاری کیا جائے گا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے مطابق اس نئے نظام سے گاڑیوں کے مالک کی شناخت آسان ہوگی اور سیکیورٹی میں بہتری آئے گی۔ اس سے پہلے نمبر پلیٹ گاڑی کے ساتھ منسلک ہوتی تھی، لیکن اب یہ مالک کی شناخت سے منسلک ہوگی۔اگر کوئی شخص اپنی گاڑی فروخت کرتا ہے، تو وہ اپنی نمبر پلیٹ اپنے پاس رکھ سکے گا اور نیا خریدار نئی پلیٹ حاصل کرے گا یا اپنی پسند کی نمبر پلیٹ کے لیے درخواست دے سکے گا۔
حکام کے مطابق اس نظام سے غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کا سراغ لگانا آسان ہو جائے گا، جبکہ چالان کا نظام بھی شفاف ہو گا کیونکہ رجسٹریشن براہ راست موجودہ مالک کے نام پر ہوگی۔نئی گاڑی پر پرانی نمبر پلیٹ استعمال کرنے کے خواہشمند افراد کو اضافی فیس ادا کرنا ہوگی، جو کہ 500 سے 8,000 روپے کے درمیان ہو سکتی ہے۔ اسی طرح خصوصی یا گولڈن نمبر پلیٹس کے لیے بھی اضافی فیس لاگو ہو گی، جیسا کہ اسلام آباد میں ایک ہندسے کی نمبر پلیٹ کی فیس 3 لاکھ روپے مقرر ہے۔
گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ، گاڑی کے کاغذات اور دیگر ضروری دستاویزات فراہم کرنا لازم ہوگا۔محکمہ ایکسائز کے مطابق اس نظام کے نفاذ کے لیے سمری پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے، اور امکان ہے کہ یہ نظام اگلے ماہ کے پہلے ہفتے سے نافذ ہو جائے گا۔
برطانیہ میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، بجلی معطل، نظام مفلوج
احمد پور شرقیہ: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق، ڈرائیور فرار








