سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف خرم میر)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی نظام کو فعال، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
میاں ذیشان رفیق نے بتایا کہ آئندہ ایک ماہ کے اندر نیا بلدیاتی ایکٹ پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا، جس کے بعد الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لیے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی کے مکمل خاتمے کے لیے "تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن” کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت منصوبے کی تکمیل کے بعد صرف معیاری کام پر ادائیگی کی جائے گی۔ ای-ٹینڈرنگ اور ڈیجیٹل پیمنٹ کے شفاف نظام نے کرپشن کے دروازے بند کر دیے ہیں، اور اب تمام ٹھیکے میرٹ پر دیے جا رہے ہیں۔
ڈسکہ کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دل کھول کر فنڈز فراہم کیے ہیں، اور شہر میں 5 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں سیوریج، سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ ڈسکہ کے آئندہ 25 سال کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ماسٹر پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے، اور پرانے سیوریج نظام کے مستقل حل کے لیے بھی مربوط منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ڈسکہ کے عوام باشعور ہیں اور جانتے ہیں کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر کے بنیادی مسائل کا مستقل حل ممکن ہوگا۔
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے میاں ذیشان رفیق نے خیبر پختونخواہ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر چھ ماہ بعد پنجاب اور وفاقی حکومت پر حملہ آور ہو جاتی ہے، جس میں منظم انداز سے لوگ اور مشینری استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر الزام لگایا کہ ان کا ایجنڈا صرف اداروں کے خلاف نفرت پھیلانا اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے، لیکن عوام نے ان کی انتشار پر مبنی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
سانحہ سوات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پورے ملک، خاص طور پر ڈسکہ کو سوگوار کر گیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے انسانیت کا مظاہرہ کیا، جبکہ خیبر پختونخواہ حکومت نے نہ صرف اپنی کوتاہی کو تسلیم نہیں کیا بلکہ بے حسی کا مظاہرہ بھی کیا۔