ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی)سخی سرور روڈ پر واقع ٹول پلازہ کے قریب ٹرک اور کار کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے میں بہاولپور کے تین رہائشی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ جمعہ، 13 جون 2025 کو شام 4 بج کر 36 منٹ پر پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فوری طور پر ریسپانس ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ قریبی پوائنٹ سے ایک ایمبولینس جبکہ ڈیرہ غازی خان شہر سے دو مزید ایمبولینسز، چوک چور ہٹہ اسٹیشن سے ریسکیو وہیکل اور گدائی اسٹیشن سے فائر وہیکل جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو ٹیم نے 13 منٹ کے ریکارڈ وقت میں جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت اسداللہ ،احمد حسن ولد حافظ محمد عمر کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد ذیشان ولد غلام یاسین، نعیم ،محمد رضوان کے ناموں سے ہوئی ہے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں میں سے 2 کا تعلق بہاولپور کے علاقے نیو سبزی منڈی سے بتایا جا رہا ہے جبکہ ایک چنڑ رامہ پھاٹک کا رہائشی بتایا گیا ہے

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کو بھی فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔کار کو ریسکیو وہیکل کے ذریعے سڑک سے ہٹا کر محفوظ مقام پر کھڑا کر دیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ آئے۔ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ممکنہ غفلت کے باعث پیش آیا۔

Shares: