کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی.تحصیل رپورٹرمریدحسین ٹالپور) ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور کے قریب تومی موڑ پر المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ہائی ایس وین اور سبزی سے لوڈ مزدہ گاڑی کے تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ سخی سرور بین الصوبائی شاہراہ پر کوئٹہ روڈ پر پیش آیا، جہاں بلوچستان سے پنجاب آنے والی تیز رفتار گاڑی چارٹر ہاؤس اسکول وین سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں اسکول کے پرنسپل، امجد امین، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے تین معلمات کرن بی بی، طاہرہ بی بی اور نوشین بی بی بھی جان کی بازی ہار گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سخی سرور پولیس، پیٹرولنگ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
یہ حادثہ علاقے میں گہرے دکھ اور افسوس کا باعث بنا ہے، اور اہل خانہ سمیت تعلیمی حلقوں میں غم و اندوہ کی فضا قائم ہے۔








