اوچ شریف:گرمی کی شدت اور حبس کیوجہ سے کپاس کی فصل پر تھرپس اور سفید مکھی کاحملہ

اوچ شریف باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) موسم گرما کی شدت اور حبس سے کپاس پر سفید مکھی اور تھرپس کا حملہ، محکمہ زراعت افسران ٹھنڈے کمروں تک محدود، کپاس کی فصل کو شدید نقصان ہونے کا اندیشہ، پیداواری اہداف میں کمی کے خطرات منڈلانے لگے، کاشت کاروں نے سر پکڑ لئے، حکومت فوری طور پر انتظامات کرے، کسان

تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر اوچ شریف کے نواحی علاقوں ترنڈبشارت، سرور آباد ،بکھری ،بیٹ احمد ،بیٹ بختیاری، رسول پور، بنگلہ مستوئی، کوٹ خلیفہ، حلیم پور سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں کے بعد شدید حبس سے کپاس کی فصل پر سفید مکھی اور تھرپس کا حملہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے،اس سے کپاس کی فصل متاثر ہونے کا خدشات بڑھ گئے ہیں

کاشتکاروں محمد عمران، محمد شاہد، نذیر خان، حبیب خان ،محمد عارف ،محمد جاوید،گل محمد، ارشد ودیگر کا کہنا ہے کہ سفید مکھی اور تھرپس کی بڑھتی ہوئی بیماریوں کی شدت کو کم کرنے کے لیے مختلف سپرے کرنا شروع کر دیئے ہیں تاہم اِن کا اثر نہ ہونے پر کاشتکاروں کی اکثریت پریشان ہے،حالات ایسے ہی رہے تو رواں سال کپاس کا مقرر کردہ ہدف پورا کرنا شاید ممکن نہ ہو۔

جبکہ دوسری طرف محکمہ زراعت کے ملازمین فیلڈ میں کسانوں کی رہنمائی کرنے کی بجائے اپنے دفاتر میں وقت گزار تے ہیں ،کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت جہاں صوبے کے کاشتکاروں کے لیے کسان کارڈ کے اجراء کے ساتھ ساتھ شعبہ زراعت کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہی ہے وہیں اِسے جعلی زرعی ادویات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث فراد اور اُن کی پشت پناہی کرنے والے سرکاری افسروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کرنی چاہئے تاکہ کاشتکاروں کا معاشی استحصال کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں اور زراعت کے شعبے سے مطلوبہ اہداف حاصل کیے جا سکیں

Leave a reply