انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ 2026 سے قبل فل ممبر ٹیموں کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں،جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹس کی فروخت شروع ہوگئی ، پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب ہونے پر پاکستانی شائقین نے آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے جس میں پہلی بار 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں،ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد میں اب دو ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے اور تمام ٹیمیں میگا ایونٹ کی بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔

ٹورنامنٹ سے قبل آئی سی سی کی فل ممبر ٹیمیں کتنے ٹی 20 میچز کھیلیں گی، اس کی تفصیل سامنے آ گئیں تاہم میگا ایونٹ سے قبل اب کسی فل ممبر کی مزید کسی سیریز کا امکان ختم ہوگیا ہےپاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل 6 میچز کھیلے گی، جنوری میں پاکستان ٹیم کے 3 میچز سری لنکا میں اور 3 ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے ساتھ ہوں گے۔

دوسری جانب افغانستان، بنگلا دیش ، آئر لینڈ اور زمبابوے ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل کوئی میچ نہیں کھیلیں گے آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں اور انگلینڈ نے سری لنکا میں 3 ٹی 20 میچز جنوری میں کھیلنا ہیں،بھارت کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کھیل رہی ہے، بھارت کی ٹیم جنوری میں نیوزی لینڈ کے ساتھ5 ٹی 20 میچز کی ہوم سیریز کھیلے گی جب کہ جنوبی افریقا بھارت میں سیریز کھیل رہی ہے، تین ٹی 20 میچز کے لیے ویسٹ انڈیز ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔

دسمبر جنوری میں بھارتی ٹیم سب سے زیادہ 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جنوبی افریقا کی ٹیم کو 8 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی،میزبان سری لنکن کرکٹ ٹیم بھی ہوم گراونڈ پر 6 میچز کھیلے گی اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی،اس کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو تین، تین ٹی 20 میچز مل رہے ہیں۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے آن لائن ٹکٹس کی فروخت کا آغاز کردیا گیا ہے،فیز ون میں 20 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7فروری سے 8مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گاسری لنکا میں شیڈول ورلڈکپ فیز ون میچ کی کم سے کم ٹکٹ ایک ہزار سری لنکن روپے مقرر کی گئی ہے-

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی،ایونٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان 7 فروری کو کولمبو میں ہوگا،ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج میچ 15فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

ادھر آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20ورلڈکپ کاٹکٹ پوسٹر جاری کردیا گیا ہے ،آئی سی سی کے ٹکٹ پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب ہے ،پوسٹر پر بھارتی، سری لنکن،جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کپتانوں کی تصاویر موجود ہیں ، آئی سی سی نے ٹکٹ جاری کرنے کا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئرکیا،پوسٹر پر پاکستانی کپتان کی تصویر نہ ہونے پر پاکستانی شائقین کرکٹ بھڑک اٹھے اور آئی سی سی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

Shares: