معروف سوشل میڈیا شخصیت اور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو ایک بار پھر قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑا۔ سی آئی اے اقبال ٹاؤن پولیس نے کاشف ضمیر کو چند روز سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی بنیاد پر حراست میں لے لیا ہے، جن میں وہ باوردی اور مسلح گارڈز کے ہمراہ نظر آ رہا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، کاشف ضمیر اور اس کے سیکیورٹی گارڈز کے خلاف تھانہ سی آئی اے اقبال ٹاؤن میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مقدمات میں غیر قانونی اسلحہ کی نمائش، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردی کا ناجائز استعمال اور امن عامہ کو خطرے میں ڈالنے جیسی دفعات شامل کی گئی ہیں۔کارروائی کے دوران پولیس نے کاشف ضمیر کے ہمراہ موجود 13 مسلح گارڈز کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ گارڈز کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، جسے پولیس نے ضبط کر لیا ہے۔ایس پی سی آئی اے کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گارڈز کی وردیاں اور اسلحہ لائسنس یافتہ نہیں تھے، جبکہ کاشف ضمیر نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی مقامات پر سیکیورٹی شو آف کیا۔
یاد رہے کہ کاشف ضمیر اس سے قبل بھی متنازع حرکات اور جھوٹے دعووں کی بنا پر خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں، جن میں ترکی کے معروف اداکار انگین التان (ارطغرل) سے جعلی معاہدہ اور فراڈ کے الزامات بھی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔








