لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں معروف ٹک ٹاکر آیت مریم کو مبینہ طور پر ان کے شوہر سعد نے گلا دبا کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم اب اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تھانہ نواب ٹاؤن کے ایس ایچ او میاں تحسین نجم نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع پیر 28 اپریل کو اہلِ محلہ کی جانب سے ملی۔ مقامی لوگوں نے گھر سے شدید بدبو محسوس ہونے پر 15 پر کال کر کے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس جب آیت مریم کے گھر پہنچی تو دروازہ مقفل تھا۔ تالا توڑ کر اندر داخل ہونے پر پولیس کو لاش بستر پر پڑی ملی، جو کئی دن پرانی لگ رہی تھی۔ابتدائی شواہد کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر سعد پر شک ظاہر کیا۔ ایس ایچ او کے مطابق ملزم کا موبائل فون بند تھا اور وہ غائب تھے۔ پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا اور سعد کے دوستوں اور جاننے والوں سے رابطہ کر کے معلومات اکٹھی کیں۔ اسی شب ایک خفیہ اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مار کر سعد کو گرفتار کر لیا۔تحقیقات کے دوران سعد نے ابتدائی بیان میں اپنی بیوی آیت مریم کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ایک سوچی سمجھی واردات لگتی ہے، تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایچ او کے مطابق آیت مریم کی سعد سے پسند کی شادی تھی، اور یہ ان کی دوسری شادی تھی۔ ان کا ایک بچہ بھی ہے جو پہلے شوہر سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آیت اور سعد کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔ باوجود ان اختلافات کے، دونوں مل کر ٹک ٹاک ویڈیوز بھی بناتے رہے، جن میں سے کئی سعد کے اکاؤنٹ پر موجود ہیں۔آیت مریم کی بہن کی مدعیت میں تھانہ نواب ٹاؤن میں دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ نے متعدد بار اپنی بہن کو فون پر بتایا تھا کہ ان کے شوہر ان سے جھگڑا کرتے ہیں، انہیں قتل کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں، اور حالات کشیدہ رہتے ہیں۔پیر کے روز جب مقتولہ کی بہن انہیں فون پر مسلسل رابطہ نہ کر سکیں تو وہ ان کے گھر گئیں جہاں پہلے ہی اہل محلہ جمع تھے اور گھر کے اندر لاش موجود تھی جبکہ سعد غائب تھے۔