ٹک ٹاکر سامعہ حجاب اور ملزم حسن زاہد کے درمیان صلح، عدالت نے ضمانت منظور کرلی
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو مبینہ طور پر اغوا اور دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران عدالت میں دونوں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی۔سماعت کے دوران سامعہ حجاب نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ان کا معاملہ ملزم حسن زاہد کے ساتھ طے پا گیا ہے۔ جج عامر ضیا نے استفسار کیا کہ کیا واقعی فریقین کے درمیان معاملات حل ہوچکے ہیں، جس پر سامعہ نے جواب دیا کہ جی ہاں، اب مزید کسی قانونی کارروائی کی ضرورت نہیں۔جج نے سامعہ حجاب سے پوچھا کہ کیا وہ کیس کی مزید پیروی کرنا چاہتی ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ وہ اپنا کیس واپس لے رہی ہیں اور انہیں ملزم کے ضمانت پر رہائی یا بری ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔
عدالت نے فریقین کے بیانات سننے کے بعد ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 20،20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم جاری کردیا۔
یاد رہے کہ ملزم حسن زاہد کے خلاف تھانہ شالیمار اسلام آباد میں اغوا اور دھمکیوں کے دو مقدمات درج تھے، تاہم اب صلح کے باعث ان مقدمات کی پیروی ختم کردی گئی ہے۔یہ پیش رفت سوشل میڈیا پر زیر بحث کیس کے ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جہاں گزشتہ دنوں سامعہ حجاب نے اپنے تحفظ کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے تھے۔ تاہم عدالت میں صلح کے بعد معاملہ بظاہر ختم ہوگیا ہے۔