تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی شہر اور گردونواح میں بدامنی کے بڑھتے واقعات کے خلاف شہری اتحاد کی قیادت میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی نادرا چوک سے شروع ہو کر وین اسٹاپ پہنچی جہاں مظاہرین نے دھرنا دے دیا۔ مظاہرین نے پولیس کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
ریلی سے قاری کفایت اللہ کوسو، رحدل لاشاری، عبدالفتاح کنرانی، سھرب ملک، مولانا محمد صلاح ملک، ھوران بھلکانی، غلام حسین باجکانی، وقار احمد ملک، محمد سچل ملک اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تنگوانی اور اس کے گرد و نواح میں چوری، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور پولیس کی مجرمانہ خاموشی نے شہریوں کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔
شرکاء نے مطالبہ کیا کہ تنگوانی میں فوری طور پر امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے اور مقامی پولیس کی غفلت اور ملی بھگت کی تحقیقات کی جائیں۔
دھرنا تاحال جاری ہے اور مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔