مریدکے میں تحریک لبیک پاکستان کے احتجاجی مارچ کے خلاف پولیس نے رات گئے کاروائی کی ہے کارروائی کے دوران درجنوں زخمی ہو گئے ہیں، جب کہ تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی بھی کینیٹر سے چھلانگ لگانے کے دوران زخمی ہو گئے ہیں،
ذرائع کے مطابق، رات تقریباً 3 بجے پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن شروع کیا، جو صبح ساڑھے 7 بجے تک جاری رہا۔ آپریشن کا مقصد مریدکے کے قریب احتجاجی قافلے کو منتشر کرنا تھا، جو لاہور سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں تھا،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے مزاحمت کی گئی، جس دوران پتھراؤ، شیلنگ، اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔مظاہرین کا مرکزی کنٹینر، جس پر ٹی ایل پی کی قیادت موجود تھی، آتشزدگی کا شکار ہو گیا، جب کہ متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان بیک ڈور مذاکرات ناکام ہونے کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ مذاکرات میں راستے کھولنے اور احتجاج کے خاتمے پر کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔
پنجاب اور اسلام آباد میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ تمام اضلاع میں پولیس اور حساس اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی ممکنہ ردِعمل یا نئے احتجاج کو روکا جا سکے۔لاہور میں فیروز پور روڈ پر مظاہرین کی جانب سے احتجاج جاری ہے، جس کے باعث فیروزپور روڈ سے جنرل اسپتال تک دونوں اطراف ٹریفک معطل ہے۔تحریک لبیک پاکستان نے ملک بھر میں نئے احتجاجات اور سڑکوں کی بندش کی کال دے دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بند کی گئی تمام رابطہ سڑکوں کو کھول دیا گیا ہے جس کے بعد مری روڈ اور دیگر راستوں پر ٹریفک رواں دواں ہیں،راولپنڈی مری روڈ پر دکانیں اور تجارتی مراکز بھی کھل گئے تاہم مری روڈ سے فیض آباد جانے والا راستہ اور راولپنڈی ، اسلام آباد میٹرو بس سروس بھی بند ہے،ادھر آئی جی پی روڈ، ڈبل روڈ، ایکسپریس وے ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی ہے جب کہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ نائنتھ ایونیو راستہ کھول دیا گیا ہے،راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل فون اور ڈیٹا سروسز بھی بحال کردی گئی ہے۔
میں ٹھیک ہوں،ساتھی پرسکون رہیں اور میرے اگلے حکم کا انتظار کریں،سعد رضوی
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق سعد رضوی بالکل خیریت سے ہیں۔ انہیں نہ گولیاں لگی ہیں اور نہ ہی ان کی حالت تشویشناک ہے۔ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی تمام ایسی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ افواہوں پر یقین نہ کریں۔سعد رضوی کا آڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ سب ساتھیوںکو بتائیں میں ٹھیک ہوں، پرسکون رہیں اور میرے اگلے حکم کا انتظار کریں،جب تک میری ہدایات نہ آئیں کچھ نہ کریں، میں آگے کا لائحہ عمل دوں گا کہ آگے کیا کرنا ہے.
https://x.com/_007HK/status/1977642047189434411