سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گڈوکشمور روڈ پر بس سے اغوا کیےگئے تمام مسافروں کو بازیاب کرالیا گیا۔

ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر کے مطابق بس کنڈکٹر مغوی مسافروں کی صحیح تعداد نہیں بتا سکا تھا، ڈاکوؤں نے 14 مسافروں کو اغوا کیا تھا 13 مغوی بازیاب ہوئے ہیں اور ایک کی لاش مل گئی ہے جس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے جاں بحق مغوی کریم بخش ضلع جعفرآباد کا رہائشی ہے، آپریشن کے دوران ڈاکوؤں سے مقابلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، ڈاکوؤں نے پولیس بکتر بند پر راکٹ بھی فائر کیے ۔

واضح رہے کہ پیر کی شب گھوٹکی میں ڈاکوؤں نے 19 مسافروں کو اغوا کرلیا تھا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے مرید شاخ کے قریب گڈو کشمور روڈ پر مسافر بس پر حملہ کیا اور مسافروں کو اغوا کیاعینی شاہدین کے مطابق بس میں خواتین سمیت 25 افراد سوار تھے، ڈاکو خواتین کو چھوڑ کر 19 مردوں کو اپنے ساتھ لےگئے،پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے فائرنگ بھی کی جس سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مسافر بس صادق آباد سے کوئٹہ جارہی تھی۔

Shares: