گوجرہ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر محمد اجمل) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مائی صفوراں بند، تھانہ اروتی کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار اور ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے وزیر صحت کو سیلاب سے متاثرہ موضع جات اور فلڈ ریلیف کیمپس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر صحت نے فلڈ ریلیف کیمپ مائی صفوراں بند کا معائنہ کیا، ریسکیو 1122 کے جوانوں اور پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقی ہیروز ہیں جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عوام کی خدمت اور متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت متاثرہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی میڈیکل ٹیمیں ریلیف کیمپس اور فیلڈ ہسپتالوں میں موجود ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت طبی سہولتیں مل سکیں۔ وزیر صحت نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی کو بھی اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

Shares: