پنجاب پولیس کو ڈیرہ غازی خان کے قبائلی و سرحدی علاقے کوٹ مبارک میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں ایک کامیاب آپریشن میں چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع علاقے کوٹ مبارک میں دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی۔ یہ خوارجی دہشت گرد علاقے میں مختلف مقامات پر شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث تھے۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی خصوصی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا اور بھرپور آپریشن کا آغاز کیا۔ دہشت گردوں نے بھاری اسلحے سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پنجاب پولیس نے جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ دیگر دہشت گرد جھاڑیوں اور ٹیلوں کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن بدستور جاری ہے اور پنجاب پولیس کا عزم ہے کہ باقی ماندہ شرپسند عناصر کو بھی جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔یہ کامیاب کارروائی آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی نگرانی اور ڈی پی او سید علی کی قیادت میں انجام دی گئی، جن کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی اور اپنے بیان میں کہا:”پنجاب پولیس خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ ہم ملک دشمن عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔”پنجاب پولیس صوبے میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
پی پی 52 سیالکوٹ: ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی جاری








