لنڈی کوتل(باغی ٹی وی )خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے تباہی، لنڈی کوتل میں سیلابی ریلہ گاڑیاں بہا لے گیا، ایف سی اہلکار جاں بحق، پنجاب میں دیواریں گرنے سے دو ہلاکتیں
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بدھ کے روز طوفانی بارشوں، ژالہ باری اور آندھی نے تباہی مچا دی، کئی مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئے۔ پاک افغان بارڈر پر واقع تحصیل لنڈی کوتل میں موسلا دھار بارش کے باعث افغانستان جانے والی مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں اور واپس جانے والے افغان مہاجرین بری طرح متاثر ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق مین بازار لنڈی کوتل میں ایک ویٹز کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ضلع خیبر میں آسمانی بجلی گرنے سے فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار جان کی بازی ہار گیا، جبکہ بٹ گرام میں پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلے نے کئی موٹرسائیکلوں کو بہا دیا۔ بارشوں سے باغات، کھڑی فصلیں اور بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ باجوڑ، مالاکنڈ، مردان، لوئر دیر، مانسہرہ اور دیگر علاقوں میں دن کے وقت اندھیرا چھا گیا۔
جبکہ پنجاب کے اضلاع جہلم، حافظ آباد، گجرات اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش ہوئی، جہاں جہلم میں دیواریں گرنے کے باعث دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وارننگ جاری کی ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ بارشیں معمول سے کم ہونے کا امکان ہے۔