راولپنڈی: عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں وکلاء اور پی ٹی آئی رہنما علیمہ خان کو جیل میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

آج صبح ساڑھے دس بجے اسپیشل جج سینٹرل نے وکلاء کا انتظار شروع کیا تاہم عمران خان کے وکیل وقت پر پیش نہیں ہو سکے۔ اس دوران علیمہ خان اور دیگر وکلاء کو جیل میں جانے سے روک دیا گیا، جس کی وجہ سے عدالت میں پیشی ممکن نہ ہو سکی۔جج اور پراسیکیوشن ٹیم ڈیڑھ گھنٹے تک عدالت میں وکلاء کے پہنچنے کا انتظار کرتے رہے، مگر وکلاء نہ پہنچے تو عدالت نے سماعت بغیر کارروائی کے منگل تک ملتوی کر دی۔

علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عمران خان کے وکیل قوسین مفتی کو، عمران خان کی فیملی، سلمان اکرم راجہ اور علی ظفر کو اڈیالہ جیل میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وہ نہیں جائیں گے،وکلاء کی پیشی اور کیس کی شفاف سماعت کے لیے تمام متعلقہ افراد کو یکساں طور پر عدالت میں پیش ہونے کی اجازت ہونی چاہیے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔

Shares: