دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا اور دریا کنارے کچے کی مزید دو بستیاں اور فصلیں زیر آب آگئیں۔
سیلاب متاثرین کی کشتیوں کے ذریعے نقل مکانی جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سےعلاقے میں 15 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے لیکن سیلاب متاثرین منتقل نہ ہوئے،انتظامیہ کے مطابق کچے کے مکین اپنا گھر اور سامان چھوڑنے پر آمادہ نہیں ہیں۔
ادھر حافظ آباد کے بعد مختلف دیہاتوں میں حالیہ بارش کے بعد پانی کی نکاسی نہ ہو سکی جس سے وبائی امراض پھیلنے لگے ہیں،اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں شاہراہ بابوسر پر لاپتا سیاحوں کی تلاش تیرہویں روز بھی جاری ہے، نجی ٹی وی کی خاتون اینکر اور ان کا خاندان اب تک لاپتا ہیں،ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق وزیراعظم پاکستان جلد گلگت بلتستان کادورہ کریں گے۔
ادھرمحکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی،آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد راولپنڈی میں مزید بارش ہونے کی توقع ہے،خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہےگذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور ژوب میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہا۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 4 سے 7 اگست کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے، 6 اگست کوسندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔