تونسہ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار)کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اورڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خاں کی پوری انتظامیہ گندم و آٹاکی سمگلنگ روکنے،گراں فروشوں کو قانون کے دائرے میں لانے اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف صف آرا ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تونسہ میں 50 کلوگرام کی 13000 بوریاں چینی ضبط کرلی گئیں
اے سی تونسہ نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیلر یاسر اقبال کے گودام سے چینی کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا. کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے بتایاکہ چینی کی خرید و فروخت کا ریکارڈ رجسٹرڈ نہیں تھا،اشیائے خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی پر آپریشن کا سلسلہ جاری رکھیں گے اوراشیاء کوذخیرہ کرکے مصنوعی قلت پیدا نہیں کرنے دی جائے گی. اسسٹنٹ کمشنر تونسہ غلام مرتضیٰ نے ایک گودام سے چینی کے تھیلے برآمد ہونے پر اسے سیل کردیا ہے ،اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان غنی سمیت دیگر افسران بھی گندم خریداری مراکز پر کسانوں کے لئے کئے گئے انتظامات کو چیک کرنے کے ساتھ گندم کی خریداری کو یقینی بنارہے ہیں ،ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی الرٹ ہیں اور وہ زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کوموقع پر جرمانے اور دکانوں کو سیل بھی کررہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کا کہنا ہے کہ تمام افسران جہاد سمجھ کر اپنے فرائض انجام دیں،فیلڈ میں موجود رہیں اور عوام کو ریلیف دلوائیں۔
Shares:







