میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گاتاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور پیدل چلنے والوں کو سہولت میسر آئے.
باغی ٹی وی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا، میونسپل کمشنر افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوازت عمار خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مختلف مقامات پر موقع پر احکامات جاری کئے اور ہدایت کی کہ تجاوازت کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دوبارہ سے وہاں تجاوزات قائم نہ ہوں، انہوں نے میٹرک بورڈ کے قریب لگنے والے عارضی بازار کو فوری ہٹانے کے احکامات بھی جاری کئے جبکہ تین ہٹی کے پل کے دونوں اطراف لگنے والے فروٹس اور پرانے کپڑوں کے ٹھیلوں کو بھی وہاں ہٹانے کے احکامات جاری کئے.
میئر کراچی نے کہا کہ تجاوزات کے باعث شہر کا امیج تباہ ہوتا ہے اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کبھی بھی یہ پالیسی نہیں رہی کہ لوگوں کو بے روزگار کیا جائے لیکن جس طرح ہر کاروبار کے قواعد و ضوابط ہوتے ہیں اسی طرح ٹھیلوں اور پتھاروں کو بھی مخصوص مقامات پر ہی کھڑے ہونے کا پابند کیا جانا چاہئے. انہوں نے کہا کہ کراچی بین الاقوامی شہر کا درجہ رکھتا ہے جہاں اس کی سڑکیں بہتر ہونی چاہئیں، اسٹریٹ کا اہتمام ہونا چاہئے، پارکس اور کھیل کے میدان آباد ہونے چاہئیں وہیں شہر سے تجاوزات کو بھی ختم ہونا چاہئے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کی حدود میں آنے والی تمام سڑکوں سے تجاوزات کو ختم کیا جائے گا کیونکہ یہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا سبب ہے.
میئر کراچی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کے ایم سی تمام لوگوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اور ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی شہریوں کی تفریح و طبع کے لئے مختلف پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو آباد کر رہی ہے، پیپلزپارٹی کا وژن ہے کہ باصلاحیت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں.
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں ہونے والے میچز کے موقع پر کے ایم سی ہر طرح کا تعاون کر رہی ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی چیمپئنز ٹرافی کے میچز منعقد کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ بہتر طور پر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے، لوگوں میں خوف و حراس
کراچی: گھر میں گیزر دھماکا، خواتین سمیت 4افراد زخمی
اوباما اورمشعل میں طلاق کی خبریں ، اہلیہ نے مخالفین کے منہ بند کرادیئے
گن شاٹ یا ایکسیڈنٹ ہو تو نجی اسپتال کے پیسے سندھ حکومت بھرے گی، شرجیل میمن