نارنگ منڈی (نامہ نگار،محمد وقاص قمر) ریلوے انتظامیہ نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے احکامات کو پس پشت ڈالتے ہوئے لاہور، نارنگ، نارووال، سیالکوٹ سیکشن پر چلنے والی ٹرینوں میں بوگیوں کا اضافہ نہیں کیا۔ اس غفلت کے نتیجے میں مسافر شدید رش میں سفر کرنے پر مجبور ہیں اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
وفاقی وزیر نے 15 اگست سے اس سیکشن کی تمام ٹرینوں کی بوگیوں کی تعداد کم از کم 10 کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا تھا، مگر اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔ شدید رش کی وجہ سے مسافروں کو نہ صرف سخت دشواری کا سامنا ہے بلکہ معمولی بات پر لڑائی جھگڑے بھی معمول بن چکے ہیں۔ شدید گرمی میں متعدد خواتین بے ہوش ہوچکی ہیں۔
رات کو چلنے والی ٹرینوں پر بھی مسافر اندھیرے میں انجن کے ساتھ لٹک کر اور چھتوں پر بیٹھ کر سفر کرتے ہیں، جو کسی بھی وقت ایک بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ اہل علاقہ نے وفاقی وزیر حنیف عباسی سے فوری طور پر جاری شدہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کروانے اور ہر ٹرین کے ساتھ 10 بوگیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے، جن میں سے تین صرف خواتین کے لیے مختص کی جائیں تاکہ ان کا سفر محفوظ اور آسان ہو۔








