ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے معصوم شہریوں کے حالیہ افسوسناک قتل کے واقعات کے بعد ڈیرہ غازی خان کی ضلعی حدود میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد عثمان خالد کی ہدایت پر بلوچستان جانے والی تمام پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کو شام پانچ بجے کے بعد سخی سرور اور بواٹہ کے سرحدی مقامات پر روکنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جس کا باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آئندہ بلوچستان میں ٹریفک کا داخلہ صرف دن کی روشنی میں ممکن ہوگا، جبکہ رات کے وقت کسی بھی قسم کی ٹرانسپورٹ کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ اقدام عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے سخی سرور اور بواٹہ پر مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جاری کردہ مراسلے کے مطابق بس اڈوں پر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، جبکہ تمام گاڑیاں سخت سیکیورٹی میں قافلوں کی صورت میں روانہ کی جائیں گی۔

مزید براں، تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، GPS ٹریکنگ سسٹم فعال رکھا جائے گا اور ایمرجنسی پینک/آلارم بٹن مہیا کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

Shares: