کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ پر ٹرالر نے چار افراد کو کچل دیا
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت میں ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک حادثے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر حادثہ ٹرالر کے بریک ہونے کی وجہ سے پیش آیا، جس نے تیز رفتاری میں پہلے رکشے، موٹرسائیکل سوار اور راہگیر کو کچل دیا۔
حکام کے مطابق واقعے میں رکشے میں سوار دو افراد جبکہ موٹرسائیکل سوار اور راہگیر بھی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے موقع سے ٹرالر کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لے لی۔
ادھرخان پور میں سردار گڑھ کے قریب تیزرفتار ٹرالر کی زد میں آکر 4 طالب علم جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق طلبا اسکول سے چھٹی کے بعد موٹر سائیکل پر گھر جارہے تھے۔ریسکیو ٹیم نے حادثے میں زخمی طالبعلم کو اسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
جبکہ گجرات میں سسرال میں ڈکیتی کرنیوالی بہو کو پولیس نے ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خاندان نے اپنی بہو کیخلاف درخواست دی تھی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سسرال میں ڈکیتی کرنیوالی خاتون کو دیگر 4 خواتین اور ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے لوٹے گئے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی بھی برآمد کرلی گئی ہے، مزید تفتیش بھی جاری ہے۔