ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نوبیل کمیٹی نے سال 2025ء کے نوبیل امن انعام کا اعلان کر دیا ہے، جو اس مرتبہ وینزویلا کی معروف جمہوریت نواز رہنما ماریہ کورینا مچاڈو (María Corina Machado) کو دیا گیا ہے۔

نوبیل کمیٹی کے سربراہ جورجین واٹن فریڈنس نے اوسلو میں اعلان کیا کہ مچاڈو کو یہ اعزاز وینزویلا میں جمہوریت، انسانی حقوق اور عوامی آزادیوں کے فروغ کے لیے ان کی طویل اور جرات مندانہ جدوجہد کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔مچاڈو وینزویلا میں اپوزیشن کی اہم رہنما مانی جاتی ہیں، جنھوں نے برسوں سے ملک میں آمرانہ حکومت کے خلاف سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔ انھوں نے عوامی سطح پر انتخابی شفافیت، آئین کی بالادستی، اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے مہم چلائی۔ان کی کوششوں کے نتیجے میں انھیں متعدد بار دھمکیاں، سیاسی پابندیاں، اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم رہیں۔

نوبیل امن انعام ہر سال ایسے فرد یا ادارے کو دیا جاتا ہے جو بین الاقوامی امن کے فروغ، تنازعات کے خاتمے، انسانی ہم آہنگی، اور عالمی تعاون میں نمایاں کردار ادا کرے۔یہ انعام الفریڈ نوبیل کی یاد میں دیا جاتا ہے، جو ایک سویڈش سائنس دان اور صنعت کار تھے اور ڈائنامائٹ کے موجد کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

عالمی رہنماؤں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ماریہ کورینا مچاڈو کو نوبیل امن انعام ملنے پر انھیں مبارکباد دی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی نوبیل انعام کے خواہشمند تھے،پاکستان سمیت کئی ممالک نے انہیں نوبیل انعام کے لئے نامز دکیا تھا تاہم ٹرمپ کا خواب ادھورا رہ گیا

Shares: