واشنگٹن: امریکی صدر نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور چین سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف عائد کریں تاکہ روسی تیل کے بڑے خریداروں پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز امریکی اور یورپی یونین کے اعلیٰ حکام کے درمیان ہونے والی اہم میٹنگ میں یہ مطالبہ پیش کیا۔ اس موقع پر امریکی صدر نے کہا کہ "ہم اس وقت بھارت اور چین پر اضافی ٹیرف لگانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، لیکن یہ قدم اسی وقت اٹھایا جائے گا جب ہمارے یورپی اتحادی بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔”رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور بھارت روسی تیل کے سب سے بڑے خریدار ہیں اور اگر یورپی ممالک امریکا کا ساتھ دیں تو ان دونوں ممالک پر سخت معاشی دباؤ ڈالا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے اس سے قبل بھارت پر روس سے تیل خریدنے اور تجارتی معاہدے نہ کرنے کے باعث 50 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے، جب کہ چینی مصنوعات پر پہلے ہی 30 فیصد ٹیرف لاگو ہے۔ تاہم اب امریکی صدر مزید سخت اقدامات کے لیے یورپی یونین کی حمایت کے خواہاں ہیں۔

سیاسی و معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یورپی یونین اس مطالبے پر عمل کرتی ہے تو بھارت اور چین کے ساتھ عالمی تجارتی تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں اور دنیا بھر میں مہنگائی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے۔

Shares: