ارض وسماں کا مالک صرف اللہ،ہماری اکڑ کیسی؟جمہور کے نام نہاد علمبردار قوم کو تقسیم سے بچائیں
ترقی کا راز قانون کی حکمرانی،متکبر افسر یادرکھیں ،آخر موت ہے،عوام کےخادم بنیں،حاکم نہیں
تجزیہ : شہزاد قریشی
عالمی قوتیں ایک دوسرے کو دھوکہ دے ر ہی ہیں یا امریکہ ا پنے اتحادیوں کو دھوکہ دے رہا ہے ؟ یہ دنیا کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے؟ کیا امریکی صدر دنیا کے لئے کچھ نیا کرنے جا رہے ہیں۔ کیا امریکہ فسٹ امریکی صدر کا نعرہ کوئی نئی پالیسی دنیا پر مسلط کرنے جا رہے ہیں؟ ٹرمپ انتظامیہ یو کرین سے الگ ہونے کے لئے بے چین کیوں ہے ؟ کیا یہ بین الاقوامی سیاسی ڈرامہ چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کو روکنے کے لیے کیا جارہا ہے؟ کیا دنیا امریکی پالیسی کے خلاف کھڑی ہو سکتی ہے امریکی پالیسی کے خلاف جانا دنیا کے لیے ایک غلطی ہو سکتی ہے ۔ دنیا کے کئی ممالک امریکی پالیسی کے حامی ہیں ۔ تاہم امریکی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے اثرات جلد ہی دنیا میں نظر آنا شروع ہو جائیں گے ۔

پاکستان کی سیاست اور جمہوریت پر تبصرہ کیا کرنا بس قوم سے التجا ہی ہے کہ و طن انسان کی پہچان اور اس کا وقار ہوتا ہے ۔وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہر شہری اسکی ترقی ، اس کی خوشحالی ، امن وامان میں ہر ممکن تعاون کرے ۔ وطن کی املاک ، سڑکیں ، گلیاں ، اسکول ، ہسپتال ، دفاتر کی حفاظت کی ذمہ داری ہر شہری کی ہے ۔ ملک وقوم کی سربلندی ہر شہری کا خواب ہونا چاہیئے ۔ منتشر اور خستہ حال ملک کے شہریوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ۔پوری دنیا کی سرزمین اللہ تعالی کی ملکیت ہے پاکستان کی سرزمین بھی اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے اس زمین پر فتنہ فساد پھیلانے والوں کی بھی باز پرس ہو گی اس زمین پر جتنی بھی نعمتیں ہیں آسمانی نعمتیں ہیں۔ ان نعمتوں سے ہم فائدے اٹھاتے ہیں اس سرزمین کی آغوش میں نہ جانے کتنی نسلیںسو گئیں یہ کائنات صدیوں سے تھی اللہ تعالٰی کے حکم سے رہے گی ہم سب راہ گیر ہیں اور حقیر ہیں آج ہیں کل نہیںہوں گے ۔ نام نہاد سیاستدانوں اور نام نہاد جمہوریت کے علمبرداروں نے اپنے ذاتی مفادات کے لئے قوم کو تقسیم در تقسیم کردیا ہے۔جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر قوم کو دھوکہ ہی دیا ہے۔ دنیا کی ترقی کا راز قانون کی حکمرانی ہے ۔ انصاف ہے ۔ ہمارے اقربا پروری کی انتہا ہے رائٹ مین فار رائٹ جاب کا فقدان ہے۔ یہ میرا افسر یہ تیرا افسر ، یہ میرا بیورو کریٹ ، یہ تیرا بیورو کریٹ ،تکبر و غرور کی انتہا کی بلندیوں کو چھونے والے سیاستدان ،بیورو کریٹ ، بیوروکریسی کے افسران پولیس کے افسران اوردیگر محکمہ جات میں بیٹھے افسران خدا کی زمین پر اکڑ کر چلنے والے اپنی موت سے بے خبر زمین بوس ہونے والے کب سدھریں گے؟ یاد رکھیئے امریکہ اور یورپ میں مفاہمت اور اتحاد کا پرانا ریکارڈہے دوسری جنگ عظیم کے بعدافغانستان کی جنگ تک یورپ اور امریکہ ہر قدم پر ساتھ رہے ۔ امریکہ یورپ روس یو کرین کی سیاست سے باہر نکلیں ،اسلامی ممالک کے لیے موجودہ عالمی سیاست میں سعودی عرب کا کردار انتہائی اہم ہوگااپنی پالیسیوں پر توجہ دیں.

Shares: