وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ کے میدان میں افواج پاکستان نے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کیا جس پر امریکی کانگریس نے بھی مہر لگادی۔

دانش اسکول باغ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کہا کہ ٹرمپ تو اپنی ہر تقریر میں پاکستان کی تعریف کرتے ہیں اور وہ ہر تقریر میں کہتے ہیں کہ 7 نئے جہاز گرائے گئے، ہماری ائیر فورس اور بری فوج نے 4 روز میں بھارت کی فوج کو گھٹنےکے بل گرایا،جنگ کے میدان میں افواج پاکستان نے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کیا جس پر امریکی کانگریس نے بھی مہر لگادی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج دانش اسکول باغ کا سنگ بنیاد رکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ یہ سفر پنجاب سے شروع کیا تھا آج پورے پاکستان میں یہ دانش گاہیں پھیل رہی ہیں، اب باغ میں بھی دانش اسکول کا افتتاح 23 مارچ 2026 کو کریں گے، فارورڈ کہوٹہ میں دانش اسکول کی فرمائش پوری کرنے کابھی اعلان کرتا ہوں، یہ وہ دانش گاہیں ہیں جن کا مقابلہ پاکستان میں کسی بھی تعلیم گاہ سے کرسکتے ہیں، دانش گاہوں نے بند راستے کھول دئے ہیں کیونکہ آپ کے بچے یہاں میرٹ پر تعلیم مفت حاصل کریں گے،بچوں کی تعلیم، رہائش گاہ، یونیفارم سب مفت ہوگا اور کوشش ہوگی آپ کے ہی اساتذہ کو یہاں نوکریاں ملیں۔

Shares: