انتخابی ریلی میں فائرنگ سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ زخمی،گولی مارنےوالا شخص بھی ہلاک

trump

نیویارک (باغی ٹی وی) سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی میں فائرنگ سے زخمی ہو گئے جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ امریکا کی ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا جہاں وہ انتخابی ریلی کے شرکاء سے خطاب کیلئے سٹیج پر موجود تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بتانا ہے کہ مشتبہ شخص نے 200 فٹ اور 300 فٹ کے درمیان ایک بلند شیڈ پر اے آر طرز کی رائفل سے فائرنگ کی۔

ریلی میں موجود ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ گولیاں چلنے سے پہلے انہوں نے ایک شخص کو رائفل کے ساتھ قریبی چھت پر رینگتے دیکھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے ہیں، فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے سابق صدر کو حصار میں لے لیا اور وہاں سے لے کر روانہ ہو گئے، گولیاں لگنے سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا، واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کے حوالے سے امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں، سابق صدر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، ریلی میں پیش آئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، فائرنگ کرنے والے کا ابھی تک کچھ علم نہیں ہو سکا جیسے ہی معلومات حاصل ہوں گی عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں ہوں اور سب کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کے واقعے پر بریفنگ نہیں دی گئی۔

دو ذرائع نے بی بی سی کے امریکی نیوز پارٹنر سی بی ایس نیوز کو بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کان میں گولی لگنے کے بعد مقامی ہسپتال سے رخصت ہو گئے ہیں۔یہ واضح نہیں ہے کہ ٹرمپ کہاں جا رہے ہیں۔ ریلی کے بعد آج ان کا نیو جرسی کے بیڈ منسٹر میں واقع اپنی اسٹیٹ میں جانا تھا۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونیئر نے زخمی والد کی تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کر دی۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی جان محفوظ ہے جبکہ ٹرمپ پرگولی چلانے والے شخص کو ہلا ک کر دیا گیا ہے۔

Leave a reply