لاہور(خالدمحمودخالد) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دورہ برطانیہ فائنل ہونے کے باعث بھارت میں اس سال ستمبر میں ہونے والی قواڈ ممالک کی سربراہ کانفرنس کا انعقاد خطرے میں پڑگیا ہے۔ بھارت وزیراعظم مودی نئی دہلی میں امریکی صدر ٹرمپ کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف تھے۔اس سال فروری میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ کا دورہ کیا تھا تو انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قواڈ کے آئندہ سربراہی اجلاس کے لیے شرکت کیلئے بھارت آنے کی دعوت دی تھی جسے صدر ٹرمپ نے قبول کر لیا تھا۔
بھارت نے یہ کانفرنس رکن ممالک کے بعض دیگر سربراہان کی ستمبر میں مصروفیات کے باعث اب نومبر میں منعقد کرنے کا شیڈول دیا ہے۔ تاہم سربراہی اجلاس کی تاریخوں کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔ قواڈ بھارت، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کے درمیان ایک اتحاد ہے۔ اس سال یہ کانفرنس بھارت میں ہونی ہے۔ کواڈ کے بعض ارکان کا خیال ہے کہ ستمبر میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہوگا اور کچھ رکن ممالک کی توجہ اس اجلاس پر مرکوز ہوگی۔ اس کے علاوہ جاپان میں جولائی میں پارلیمنٹ کے انتخابات منعقد ہورہے ہیں جس سے جاپان کی سربراہی اجلاس میں شرکت اور تیاری کے لیے بہت کم وقت بچا ہے۔ اس لئے اجلاس کا شیڈول نومبر تک کیلئے ملتوی کیا گیا ہے۔