واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے بڑے اور معتبر اخبار نیویارک ٹائمز کے خلاف ہتک عزت اور توہین کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ نیویارک ٹائمز کے خلاف 15 بلین ڈالر کا مقدمہ فلوریڈا کی عدالت میں دائر کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ نیویارک ٹائمز نے طویل عرصے سے ان کے خلاف من گھڑت اور جھوٹی خبریں شائع کیں، جن میں ان کے اہلِ خانہ اور کاروباری معاملات سے متعلق بھی بے بنیاد دعوے شامل تھے۔ ان کے مطابق اخبار نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور عوام میں بدنام کرنے کی مہم چلائی۔

امریکی صدر نے اپنے سخت لہجے میں کہا "نیویارک ٹائمز کو بہت زیادہ عرصے تک کھلی چھوٹ دی گئی کہ وہ میرے خلاف جھوٹ بولے، میرے خاندان کو نشانہ بنائے اور میرے کاروبار کو مشکوک بنائے۔ اب یہ سب بند ہونا چاہیے۔”

سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ اقدام امریکی میڈیا اور صدر کے درمیان جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی جانب سے اس معاملے پر فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کے نتائج نہ صرف ٹرمپ بلکہ امریکی میڈیا اور آزادیٔ صحافت کے لیے بھی بڑے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

Shares: