ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا.مرکزی مسلم لیگ

khalid masood

مرکزی مسلم لیگ کے قائدین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ کے بارے میں حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کا غزہ پر قبضے کا بیان ،امریکہ اسرائیل گٹھ جوڑ ہے،ٹرمپ فلسطینیوں کی نسل کشی کی حمایت کر رہے ہیں، غزہ پر امریکی صدر کی مداخلت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق پر براہ راست حملہ ہے.جنگوں کے خاتمے کے دعویدار ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا.

مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، سیکرٹری جنرل سیف اللہ خالد، ترجمان تابش قیوم نے مشترکہ بیان میں کہا کہ فلسطین کے عوام کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا اختیار کسی بیرونی طاقت کو نہیں دیا جا سکتا۔ ٹرمپ کا غزہ کی تعمیر نو کے نام پر زمینوں پر قبضے کا عندیہ دینا دراصل فلسطینی عوام کی خودمختاری اور آزادی کو سبوتاژ کرنے کی ایک مذموم سازش ہے، جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا،فلسطینیوں نے آزادی کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور انہوں نے ہی اسرائیل کو جنگ بندی کے لئے مجبور کیا ،ٹرمپ کا غزہ پر قبضے بارے بیان ناقابل قبول ہے، ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم کی ملاقات نے اسرائیل کو مزید شہہ دی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ فلسطینیوں کی حمایت میں متحد ہو۔غزہ کے باسیوں کو ٹرمپ یا امریکہ نہیں امت مسلمہ کی مدد کی ضرورت ہے، بھارت کو کشمیر اور اسرائیل کو فلسطین سے نکلنے کے لئے مجبور کرنا ہوگا تاکہ امن کا قیام ممکن ہو سکے۔

مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں خالد مسعود سندھو، سیف اللہ خالد ،تابش قیوم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ،او آئی سی سمیت عالمی دنیا امریکی عزائم کے خلاف سخت اقدامات کریں اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ اگر امت مسلمہ نے آج بھی خاموشی اختیار کی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی،صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت سے مذاکرات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اصولی مؤقف پر ہونے چاہئے،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی قوم کی ملک بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی مودی سرکار کے لئے پیغام ہے کہ پاکستانیوں کا بچہ بچہ اہل کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے،حکومت پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ پورے شدو مد کے ساتھ عالمی سطح پر اُٹھائے اوربھارتی ریاستی دہشت گردی کو پوری دنیا کے سامنے اجاگر کرے.

Comments are closed.