نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اور چینی صدر شی جن پنگ دنیا کو پہلے سے زیادہ محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور عالمی مسائل کے حل کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق، چینی صدر شی جن پنگ نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ ٹرمپ کے ساتھ تعلقات کا آغاز اچھا ہوگا اور دونوں ممالک کی قیادت مستقبل میں مزید مثبت تعاون کے لیے مل کر کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ دونوں عالمی طاقتیں ہیں اور ان کے تعلقات دنیا کے امن اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
بعد ازاں، ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان جاری کیا جس میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اور شی جن پنگ مل کر مختلف مسائل جیسے تجارت، فینٹانل، ٹک ٹاک اور دیگر عالمی امور پر بات چیت کریں گے اور ان کا حل نکالیں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ ان کا یہ عزم ہے کہ وہ اس کام کا آغاز فوری طور پر کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے مفادات کے لیے بہترین حل تلاش کیا جا سکے۔
دریں اثناء، نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکہ کے 46ویں صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ تاہم، شدید سردی کی پیشگوئی کی وجہ سے اس بار ان کی حلف برداری کی تقریب انڈور یعنی اندرونِ عمارت منعقد ہونے کا امکان ہے۔ حکام سرد موسم کے باعث مہمانوں کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔یہ تقریب حلف برداری کا انڈور ہونا اس لیے اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس سے قبل، 1985 میں صدر رونلڈ ریگن کی حلف برداری کے دوران بھی شدید سردی کے باعث یہی فیصلہ کیا گیا تھا۔
طلاق کی افواہیں، اوباما کی اہلیہ کے ساتھ مسکراہٹ بھری تصویرجاری
کراچی کے تین نوجوانوں کا گھوٹکی سے اغوا، سندھ حکومت کی فوری کارروائی کی یقین دہانی