امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت سے متعلق ایک اہم بیان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس میں ان کی جسمانی حالت اور حالیہ طبی معائنے کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے ٹانگوں کے نچلے حصوں میں سوجن جبکہ ہاتھوں پر معمولی نیل دیکھے گئے ہیں، جن کا طبی معائنہ صدر کے ذاتی معالج کی نگرانی میں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق معالجین نے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ کی نسوں میں کمزوری کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں، جو کہ عام طور پر 70 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں دیکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ علامات معمولی ہیں، تاہم مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ کی حالیہ تصاویر میں ان کے ہاتھ کی پشت پر جو نیل دکھائی دیے، وہ دراصل بار بار ہاتھ ملانے اور روزمرہ استعمال کی دوا ‘اسپرین’ کے باعث جلد کے ٹشوز میں پیدا ہونے والی جلن کی وجہ سے ہو سکتے ہیں۔ اسپرین ایک عام دوا ہے جو دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے دی جاتی ہے اور صدر ٹرمپ کی روزمرہ ادویات میں شامل ہے۔کیرولین لیوٹ نے کہا کہ صدر کی صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے اور وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے معالجین کے مطابق صدر کے لیے فی الحال کسی قسم کے فوری خطرے کی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ مستقبل میں صدر کی صحت کے حوالے سے عوام کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے گا اور کوئی بھی نئی پیش رفت شفاف طریقے سے میڈیا اور عوام کے سامنے لائی جائے گی۔