امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ تعلیم کو بند کرنے کے فیصلے کے حوالے سے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں تعلیمی معیار میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور اس بات کی ضرورت محسوس ہوئی کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔ صدر ٹرمپ نے اس اقدام کو اسکولوں کے موجودہ نظام کی ناکامی کا نتیجہ قرار دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ "امریکا کے اسکولوں میں طلباء کو بنیادی ریاضی جیسے ضروری مضامین تک نہیں آتے، جبکہ محکمہ تعلیم کے پاس بڑی بڑی عمارتیں اور وسائل ہیں، لیکن تعلیمی معیار کی کمی ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہت زیادہ گر چکا ہے، جس کی وجہ سے محکمہ تعلیم کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اسکولوں کے معاملات اب ریاستیں خود دیکھیں گی، اور انہیں اس بات کی اجازت ہوگی کہ وہ اپنے تعلیمی نظام کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی گورنرز اس فیصلے سے خوش ہیں اور وہ اس نئے نظام کو خوشدلی سے قبول کریں گے۔
امریکی صدر نے اس موقع پر یوکرین کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں معاہدے کی بات بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے ساتھ معدنیات کی پیداوار میں تعاون کے لیے امریکا اور یوکرین کے درمیان معاہدہ بہت جلد ہونے جا رہا ہے۔