واشنگٹن:امریکی صدر ٹرمپ نے ٹیکس و اخراجات سے متعلق ’’بگ بیوٹی فل بل‘‘ پر دستخط کر دیے، بگ بیوٹی فل بل کسی بھی ملک کی تاریخ کا بہترین قانون ہے جو معاشی ترقی کو آگے لے کر جاتا ہے۔

بگ بیوٹی فل بل پر دستخط کے موقع پر وائٹ ہاوس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں، فوجی افسران اور ارکانِ کانگریس نے شرکت کی ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے حالیہ دنوں میں اپنی طاقت اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، چند روز قبل امریکی فوج نے ایران میں ایک کامیاب آپریشن کیا، جس میں ایرانی تنصیبات کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بگ بیوٹی فل بل کی منظوری پر تمام امریکیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، "یہ بل امریکی ترقی، دفاع اور معیشت کے استحکام کی جانب ایک بڑا قدم ہے،میرے اقتدار میں آنے کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچی اور امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے گئےہم نے امریکا کی طاقت بحال کی اور اب اسے مزید جدید بنا رہے ہیں۔”

ٹرمپ نے افغانستان کی جنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان جانا امریکا کا سیاہ ترین دن تھا وہاں ہمارے اربوں ڈالر ضائع ہوئے، میں امریکی بری، بحری اور فضائی فوج سے محبت کرتا ہوں۔ ان کے افسران اور جوانوں کو میرا سلام۔”

انہوں نے نیٹو پر امریکی اخراجات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے امریکا کا 2 فیصد بجٹ نیٹو پر خرچ ہوتا تھا جو اب 5 فیصد تک بڑھ چکا ہے انہوں نے اسے امریکا کی عالمی قیادت کی بحالی کا مظہر قرار دیاسب کو میری طرف سے 4 جولائی کی خوشیاں مبارک ہوں آج کا امریکا پہلے سے زیادہ محفوظ اور مضبوط ہے۔”

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کا نیوکلیئر پروگرام مستقل طور پر پیچھے دھکیل دیا گیا ہے تاہم ایران کسی اور مقام پر دوبارہ نیوکلیئر شروع کر سکتا ہے آئندہ ہفتے غزہ معاہدہ ہو سکتا ہے، غزہ سے متعلق بہت کچھ کرنا ہے اور غزہ میں بہت سی امداد بھیج رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹ کے بعد گزشتہ روز ایوان نمائندگان نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیکس اور اخراجات کا بل پاس کیا تھا بل کے حق میں 218 اور مخالفت میں 214 ووٹ پڑے۔

Shares: