بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں نامعلوم مسلح افراد نے نجی سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین کو لوٹ لیا، جس کے نتیجے میں 22 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم ڈاکو اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تربت کے نواحی علاقے دشت کے قریب تربت-گوادر شاہراہ پر پیش آیا، جہاں نجی سیکیورٹی کمپنی کی وین 2 نجی بینکوں کا کیش لے کر تربت سے گوادر جا رہی تھی۔ اسی دوران متعدد مسلح افراد نے وین کو اسلحے کے زور پر روک لیا،لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے عملے کو یرغمال بنا کر وین میں موجود کیش پر قبضہ کیا اور بھاری رقم لوٹنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ حکام کے مطابق وین میں 22 کروڑ روپے سے زائد رقم موجود تھی جسے ڈاکو ساتھ لے گئے۔واقعے کے بعد لیویز فورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکا بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ تاہم تاحال کسی گرفتاری یا برآمدگی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

حکام نے مزید بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔ تربت اور گوادر کے درمیان اہم شاہراہ پر دن دہاڑے ہونے والی اس بڑی ڈکیتی نے شہریوں اور کاروباری حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔

Shares: