ترک صدر نماز جمعہ کہاں کریں گے ادا اور آج کی کیا ہوں گی مصروفیات؟ اہم خبر
ترک صدر نماز جمعہ کہاں کریں گے ادا اور آج کی کیا ہوں گی مصروفیات؟ اہم خبر
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر طیب اردوان آج نماز جمعہ فیصل مسجد میں ادا کریں گے، ترک صدر اور وزیراعظم عمران خان کی ون ٹو ون ملاقات ہو گی، دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے
وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر بزنس کونسل سے بھی خطاب کریں گے،پاک ترک کونسل کا اجلاس بھی شام 5 بجے ہو گا جس میں ترک صدر شریک ہوں گے. نسٹ یونیورسٹی میں ترک صدر کو اعزازای ڈگری دی جائے گی ،
ترک صدر رجب طیب اردوان 11 بجے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، ان کا پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے مجموعی طورپر یہ چوتھا خطاب ہو گا، ترک صدر کو بطوروزیراعظم دو بارپاکستان کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ بطورصدر وہ دوسری بار پاکستان کی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق رجب طیب اردوان بطور ترک وزیر اعظم 26 اکتوبر 2009 اور 21 مئی 2012 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر چکے ہیں۔ رجب طیب اردوان نے بطور صدر 17نومبر 2017 کوپہلی مرتبہ خطاب کیا تھا جبکہ وہ بطور ترک صدر پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے دوسرا خطاب کریں گے۔ترک صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان کی پارلیمنٹ سے چوتھی بار خطاب کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔ان کا پارلیمنٹ سے خطاب پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت اورلازوال دوستی کی غماز ی کرتا ہے۔
صدر رجب طیب اردوان کے خطابات سے پہلے ترکی کے صدر کینان ایورن بھی 15نومبر 1985کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرچکے ہیں۔ترکی اورپاکستان ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات اسلام ، اخوت ، مساوات ، بھائی چارے ، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں پر استوار ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستان کی پارلیمنٹ ،سینٹ اور آئینی اسمبلی سے دیگر غیرملکی شخصایات بھی خطاب کرچکی ہیں۔
قبل ازیں گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچے تو ان کا نہایت پرتپاک استقبال کیا گیا اور ایوان وزیراعظم میں ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو نورخان ایئربیس پر ترک صدر کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ کابینہ کے بعض ارکان اور سینئر پاکستانی حکام کے علاوہ پاکستان میں ترکی کے سفیر بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔
اس موقع پر قومی لباس میں ملبوس دو بچوں نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک خاتون اول کو گلدستے پیش کئے جبکہ گارڈز کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے ایئربیس سے ایوان وزیراعظم تک ترک صدر کی گاڑی خود ڈرائیو کی۔ بعد ازاں وزیراعظم ہاﺅس میں ترک صدر کے اعزاز باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ رجب طیب اردوان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کا وفاقی کابینہ کے ارکان سے تعارف کرایا۔ ترک صدر نے کابینہ کے ارکان سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ ترک صدر نے وزیراعظم عمران خان کا ترک وفد سے تعارف بھی کرایا.