ترکی نے بھارتی فوج کے لیے امریکا سے آنے والے اپاچی ہیلی کاپٹروں کی کارگو پرواز کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جس کے نتیجے میں جدید جنگی ہیلی کاپٹروں پر مشتمل کارگو طیارہ واپس امریکا لوٹ گیا۔تفصیلات کے مطابق تین عدد AH-64E اپاچی فائٹر ہیلی کاپٹر جو بھارتی فوج کے لیے تیار کیے گئے تھے، ایک Antonov An-124 کارگو طیارے کے ذریعے امریکا کے شہر میسا ایریزونا سے بھارت روانہ ہوئے۔ راستے میں طیارہ برطانیہ کے ایسٹ مڈلینڈ ائرپورٹ پر رکا تاہم ترکی کی جانب سے فضائی گزرگاہ نہ ملنے پر طیارے کو اپنی پرواز منسوخ کرنی پڑی اور بالآخر وہ امریکا واپس چلا گیا۔ بھارتی دفاعی ذرائع کے مطابق ترکی کی جانب سے یہ فیصلہ سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے کیونکہ انقرہ پاکستان کا قریبی اتحادی تصور کیا جاتا ہے اور حالیہ مہینوں میں ترکی کی بھارت کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی بھی دیکھی گئی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ اقدام بھارت کے لیے ایک سفارتی چیلنج بن گیا ہے، کیونکہ ترکی ایشیا اور یورپ کے درمیان اہم فضائی راہداری رکھتا ہے۔ بھارتی فوج نے 2020 میں چھ AH-64E اپاچی ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔ پہلی کھیپ پہلے ہی بھارت پہنچ چکی ہے جبکہ یہ دوسری کھیپ تھی جس میں تین ہیلی کاپٹر شامل تھے۔ اب اس تاخیر کے باعث بھارتی فوج میں ان ہیلی کاپٹروں کی شمولیت مزید مؤخر ہو گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اب متبادل فضائی راستے یا سمندری راستے سے ترسیل کے آپشنز پر غور کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔

ترکی کا بھارت کو بڑا دھچکا۔ اپاچی ہیلی کاپٹروں پر مشتمل کارگو طیارے کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دی
Shares:







