ترک وزارتِ دفاع کے مطابق ترکیے کا ایک فوجی کارگو طیارہ سی 130 (C-130) جارجیا میں المناک حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا۔
وزارتِ دفاع نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ یہ طیارہ آذربائیجان سے اڑان بھرنے کے بعد ترکیے واپس جا رہا تھا جب وہ جارجیا کی فضائی حدود میں گر کر تباہ ہوگیا۔وزارتِ دفاع کے مطابق جارجیا کے حکام کے تعاون سے سرچ اینڈ ریسکیو (تلاش و بچاؤ) کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔ ترک فوج اور جارجین ایمرجنسی سروسز کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ کر ملبے تک رسائی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔تاہم اب تک حادثے کی وجوہات یا ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کوئی تفصیلی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر حادثے کی جگہ کو سیل کر دیا گیا ہے اور تفتیشی ٹیمیں پرواز کے ڈیٹا ریکارڈر (بلیک باکس) کی تلاش میں ہیں تاکہ حادثے کی نوعیت اور اسباب کا تعین کیا جا سکے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق سی 130 طیارہ فوجی نقل و حمل اور انسانی امداد کی فراہمی میں استعمال ہونے والا مضبوط اور بھروسہ مند جہاز سمجھا جاتا ہے، تاہم خراب موسم، فنی خرابی یا نیویگیشنل غلطی جیسی وجوہات کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ترک وزارتِ دفاع نے اس افسوسناک واقعے پر غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔








