تنگوانی، میہڑ(باغی ٹی وی نامہ نگار) تنگوانی اور میہڑ کے علاقوں میں دو معصوم بچوں کی پانی میں ڈوب کر موت ہو گئی ہے جس نے علاقے میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تنگوانی میں 5 سالہ نصیبان بروہی کھیلتے ہوئے نہر میں گر گئی۔ اس کے والد نے فوراً بچی کو پانی سے نکال کر سرکاری تعلقہ ہسپتال پہنچایا لیکن ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے بچی کو نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اسی طرح میہڑ کے نواحی علاقے فریدآباد بیتل میں 7 سالہ زمان چانڈیو سیم نالے میں ڈوب گیا۔ مقامی لوگوں نے اس کی لاش کو نالے سے نکالا لیکن بچے کو بچایا نہیں جا سکا۔
ان دونوں واقعات نے ایک بار پھر صحت کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں کہ جب ایک طرف معصوم بچے اپنی جان گنوا رہے ہیں تو دوسری طرف سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹر کی عدم موجودگی کیوں ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے انصاف اور متاثرہ علاقوں میں سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔