اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی گاؤں محمود ماتم بستی چوہدری ہدایت علی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو معصوم بھائی عباسیہ لنک کینال میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت 6 سالہ محمد جنید عثمان اور 4 سالہ محمد جمشید عثمان کے طور پر ہوئی ہے، جو چوہدری ارشد علی سندھو کے بھتیجے اور ڈاکٹر محمد عثمان کے جگر گوشے تھے۔
دونوں بھائی نہر کے کنارے کھیلتے ہوئے اچانک پانی میں جا گرے، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اہل علاقہ نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کی، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ بالآخر جاگیر والی پل کے قریب دونوں بچوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ لاشوں کی برآمدگی کے وقت ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار ہو گئی۔
نماز جنازہ میں علاقے بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنازے کے دوران سسکیاں گونجتی رہیں اور ہر شخص غم سے نڈھال دکھائی دیا۔ پورا گاؤں اس المیے پر گہرے سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ دو پھول جیسے بچوں کا یوں اچانک مرجھا جانا نہ صرف اہل خانہ بلکہ پورے علاقے کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے۔
یہ المناک سانحہ ایک لمحہ فکریہ ہے جو اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ نہروں، نالوں اور خطرناک مقامات کے قریب حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات سے بچا جا سکے۔