کراچی: پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے بیڑے میں دو نئے افرامیکس ٹینکرز شامل کر لیے گئے ہیں، جس سے پی این ایس سی کا کل بحری بیڑا 10 سے بڑھ کر 12 جہازوں پر مشتمل ہو گیا ہے۔ یہ نئی جہاز خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کے لیے استعمال ہوں گے۔

وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حکام نے اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران وزیر نے کہا کہ ملک کی سمندری قوت کو مضبوط بنانے کے لیے اس سال کے آخر تک بحری بیڑے کو 20 جہازوں تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزیر بحری امور نے مزید کہا کہ پاکستان ہر سال غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کو فریٹ کی مد میں تقریباً 4.6 ارب ڈالر ادا کرتا ہے، جو ملکی معیشت پر ایک بڑا بوجھ ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی این ایس سی کے بیڑے کی توسیع سے ملکی تجارتی بحری جہاز رانی کو فروغ ملے گا اور غیر ملکی انحصار کم ہوگا، جس سے ملکی معیشت کو بہت فائدہ پہنچے گا۔

پی این ایس سی کے نئے افرامیکس ٹینکرز کی شمولیت سے نہ صرف ملکی توانائی کی ترسیل کے عمل کو خودکفیل بنانے میں مدد ملے گی بلکہ یہ پاکستان کی سمندری تجارتی صلاحیت میں اضافے کا بھی اہم قدم ہے۔ افرامیکس ٹینکرز اپنی بڑی گنجائش اور جدید ٹیکنالوجی کی بدولت تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کو زیادہ موثر اور محفوظ بنائیں گے،پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حکام نے کہا کہ یہ اقدام ملکی سمندری صنعت کی ترقی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے اور حکومت کی پالیسیوں کا واضح مظہر ہے جو ملکی خود انحصاری کو ترجیح دیتی ہے۔

Shares: