ڈسکہ،سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار+بیوروچیف) دھند کے باعث دو مختلف حادثات، متعدد افراد زخمی

تفصیل کے مطابق ڈسکہ سے بڈیانہ روڈ پر ننو والی سٹاپ کے قریب دھند کے باعث ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی۔ یہ بس چوندہ (پسرور) سے فیصل آباد جا رہی تھی۔ خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے، تاہم 32 سالہ وسیم نامی مسافر کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں ریسکیو 1122 کے عملے نے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

اسی دوران سیالکوٹ کے قریب مرالہ روڈ پر چوڑ چک سٹاپ کے قریب ایک اور حادثہ پیش آیا۔ بوجہ شدید دھند، اینٹوں سے بھری ہوئی ٹرالی کو مزدا کوسٹر نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ میں کمی اس حادثے کی بڑی وجہ بنی۔ حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے تین کو ریسکیو اہلکاروں نے فوری طبی امداد فراہم کی جبکہ تین افراد کو طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ان حادثات نے دھند کے دوران ڈرائیونگ کے خطرات کو اجاگر کیا ہے۔ متعلقہ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پاسداری کریں۔

Shares: