حکام وزارت داخلہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بریفنگ میں بتایا ہےکہ یو اے ای پاکستانیوں کو ویزے نہیں دے رہا، صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے مل رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب میں پابندی لگتے لگتے بچی ہے، اگر پابندی لگ گئی تو اسے ہٹوانا مشکل ہوگا،حکام کا کہنا تھا کہ یو اے ای والے ویزا نہیں دے رہے، صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے مل رہے ہیں، پڑوسی ملک نےہمارے سسٹم میں مداخلت کی اور پاسپورٹس بنوائے، اس میں ہماری بھی ذمہ داری ہوگی کہ کرپشن ہوئی ہوگی، چند ماہ قبل سعودی عرب سے بڑے پیمانے پر پاکستانی نکالے گئے، ان میں کئی افغان شہری پاکستانی بن کر مقیم تھے۔ 61 ممالک میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہیں، ہم نے 18 سے 20 کروڑ پاکستانیوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل طور پر جمع کرلیا ہے، تمام شہریوں کا ریکارڈ موجود ہے اور تصدیق فوراً ہو جاتی ہے، شہری کی شناخت کی تصدیق کے بعد ہی پوچھا جاتا ہے اسے کیا معاونت چاہیے۔

سیکرٹری وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک گرفتار پاکستانیوں کی اکثریت معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث ہوتی ہے، زیادہ تر گرفتاریاں اوور اسٹے، شناختی فراڈ یا بینک فراڈ کی ہوتی ہیں، قتل، منظم جرائم یا دہشت گردی میں پاکستانی شہری نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ویزا کی بندش کے حوالے سے اطلاعات بالکل غلط ہیں، قونصل جنرل یو اے ای
متحدہ عرب امارات کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ یو اے ای پاکستانیوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا ہے۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل یو اے ای کراچی بخیت عتیق الرمیتی نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے یو اے ای کے ویزوں کے اجرا کے حوالے سے ان کے پاس گزشتہ تین سال میں اتنا رش نہیں دیکھا گیا جس کا ان دنوں یو اے ای کراچی قونصلیٹ کو سامنا ہے۔ ہر قسم کے ویزوں کے حوالے سے کراچی قونصلیٹ کے ویزا سیکشن میں بہت زیادہ رش ہے۔ ویزا کی بندش کے حوالے سے اطلاعات بالکل غلط ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض نوعیت کے ویزوں کے اجرا کے حوالے سے پیشگی تاریخ لینا پڑتی ہے جو ایک مہینے سے تجاوز کر چکی ہے۔

Shares: