پاکستان کی معیشت کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک بڑے بینک نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالرز کی فنانسنگ کا بندوبست کر لیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ فنانسنگ پانچ سالہ مدت کے قرضے کی شکل میں پاکستان کو فراہم کی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ نے بیان میں کہا ہے کہ یو اے ای کے اس بینک نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے تعاون سے یہ فنانسنگ ممکن بنائی، جب کہ یو اے ای کے دیگر مالیاتی اداروں نے بھی اس منصوبے میں شراکت داری کی ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے اس فنانسنگ کے لیے پالیسی گارنٹی فراہم کی ہے، جس نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے سرمایہ کاری کو ممکن بنایا۔ فنانسنگ کی کل رقم میں سے 89 فیصد شیئر اسلامی شریعت کے اصولوں کے مطابق حاصل کیا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان شرعی مالیاتی ذرائع کی طرف تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ فنانسنگ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے شریعت کے مطابق فنانسنگ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی، جو کہ نہ صرف مالیاتی استحکام بلکہ اسلامی مالیاتی نظام کی طرف پاکستان کے عزم کا بھی ثبوت ہے۔‘‘
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی فنانسنگ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور قرضوں کی ادائیگی میں سہولت پیدا کرے گی، خاص طور پر موجودہ مالیاتی دباؤ کے پیش نظر یہ ایک مثبت قدم ہے۔