اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچیں گے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ، سفارتی، معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

صدر شیخ محمد بن زاید کی پاکستان آمد پر ان کا پُرتپاک اور شاندار استقبال کیا جائے گا۔ ایوانِ صدر میں ہونے والی استقبالیہ تقریب میں صدرِ پاکستان خود اماراتی صدر کا استقبال کریں گے، جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔ دورے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارت، توانائی، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

اسلام آباد کی فضاؤں میں پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں کی پروازیں جاری ہیں، جو معزز مہمان کی آمد کے موقع پر دیے جانے والے گارڈ آف آنر کی ریہرسل کا حصہ ہیں۔ پاک فضائیہ کی یہ شاندار تیاریاں دوستی، احترام اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتی ہیں۔دوست ملک کے معزز مہمان کے استقبال کے لیے پاک فضائیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ اس دورے کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے دروازے کھولنے کا سبب بنے گا۔

Shares: