وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانی عون چودھری نے یو اے ای میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے وفد کے ہمراہ پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا۔
اس موقع پروزیرمملکت نے پاکستانی سفیر شفقت علی خان سے ملاقات بھی کی اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا،عون چودھری نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کا ایک معتبراوربردارملک ہے اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط اوردوستانہ ہیں،انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اوران کے مسائل کے فوری حل کے لئے سفارتی اورقانونی اقدامات کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔
وزیرمملکت نے اس موقع پر مقیم پاکستانیوں کویقین دہانی کرائی کہ ان کے حقوق کے تحفظ اورسہولتوں کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان بھرپور کوششیں کررہی ہے اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات جاری رہیں گے۔








