متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان ایک اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے،

یو اے ای کے صدر کی پاکستان آمد پر ان کا شاندار تاریخی استقبال کیا گیا، پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای کے صدر کے طیارے کو حصار میں لیا اور فضائی سلامی دی،بعد ازاں نور خان ائیر بیس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، متحدہ عرب امارات کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

دورے کے دوران شیخ محمد بن زید النیہان صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور دیگر اہم حکومتی و ریاستی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، تجارت، دفاع، اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔

حکام کے مطابق اس دورے کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی بلکہ مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر تعلقات پہلے ہی مضبوط ہیں، اور یہ دورہ ان رشتوں کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

Shares: